مظفرآباد : وزیرِ اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یومِ تکبیر پاکستان کی عظمت، خودداری اور دفاعی خودمختاری کا دن ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج کے دن سبز ہلالی پرچم پوری آب و تاب کے ساتھ سربلند ہوا اور پاکستانی قوم نے دنیا کو دکھا دیا کہ وہ ناقابلِ تسخیر ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ اگر قوم متحد اور قیادت باہمت ہوتو دنیا کی کوئی طاقت اسے جھکا نہیں سکتی۔ اُنہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 کے ایٹمی دھماکوں نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر دفاعی تحفظ فراہم کیا۔ ایٹمی طاقت نے کشمیری عوام کو بھی ایک مضبوط اور پُراعتماد پشت پناہی دی۔
چوہدری انوارالحق نے مزید کہا کہ آج بھی پاکستان کی افواج دشمن کے ناپاک عزائم کے سامنے فولادی دیوار بنی ہوئی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ “بُنیانُ المرصوص” دراصل اسی دفاعی فکر اور پالیسی کا تسلسل ہے جس کا آغاز یومِ تکبیر کے دن ہوا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں اور مسلسل جارحیت کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ امن کی خواہش کمزوری نہیں، بلکہ ایک ذمے دار ریاست کے کردار کی علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یومِ تکبیر: تاریخ کا وہ دن جب پاکستان ناقابلِ تسخیر بنا!
اپنے بیان میں چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو، نواز شریف، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور سائنسدانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے، جس نے خطے میں طاقت کا توازن قائم رکھا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی صلاحیت حاصل کر کے عالمی امن کو ترجیح دی۔
دوسری جانب، مظفرآباد سمیت آزادکشمیر بھر میں یومِ تکبیر ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے مختلف شہروں میں تقریبات، ریلیاں، جلسے اور جلوس منعقد ہوں گے۔