یوم تکبیرپرملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے یومِ تکبیر کے موقع پر 28 مئی کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا، وزیراعظم کی منظوری سے کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

وفاقی حکومت نے گزشہ سال 28 مئی کو عام تعطیلات کی فہرست میں شامل کیا تھا، یوم تکبیر پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔یومِ تکبیر کے موقع پر تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارےاور بیشتر نجی ادارے بھی بند رہیں گے۔

رواں سال بھارت کوشکست کی وجہ سے یوم تکبیر اہمیت اختیارکرگیا ہے اور لوگوں کاجوش وخروش پہلے سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان نے بھارت کو مات دی ہے۔

یومِ تکبیر پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کے مظہر کے طور پر منایا جاتا ہے، جب پاکستان نے 1998 میں کامیابی سے ایٹمی دھماکے کئے اور دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بن کر ابھرا۔

یومِ تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات، سیمینارز اور ریلیاں بھی منعقد کی جائیں گی جن میں ایٹمی طاقت کے حصول میں کردار ادا کرنے والے قومی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب 28 مئی 1998 کو صوبہ بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے دیا تھا۔ ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی جبکہ دنیا کی 7ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کی۔

Scroll to Top