اسلام آباد ( کشمیر ڈیجیٹل) سیکیورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے 141 جعلی ڈیجیٹل لون ایپس پر پابندی لگا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لون ایپس فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لوگوں کو آسان اقساط پر بلا سود قرضے دینے میں ملوث تھیں۔
ایس ای سی پی نے کہا ہے کہ یہ ایپس لوگوں کا اعتماد جیتنے کے لیے بڑی تنظیموں کے نام استعمال کرتی ہیں،ایس ای سی پی کا کہنا تھا کہ یہ لون ایپس ایڈوانس فیس اور صارفین کی ذاتی تفصیلات کے نام پر رقم وصول کرنے کے بعد غائب ہو جاتی ہیں۔
ایس ای سی پی نے کہا ہے کہ وہ ایسی ایپس کے مالکان کے خلاف فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو شکایت دائر کرنے جا رہا ہے۔
لوگوں کو مشورہ دیا گیاہے کہ وہ مالی امداد یا قرض کی پیشکش کرنے والے کسی بھی پلیٹ فارم کی صداقت کی تصدیق کریں اور اپنی ذاتی تفصیلات شیئر نہ کریں یا تصدیق کے بغیر رقم نہ بھیجیں۔