مظفرآباد: محکمہ جنگلات واٹرشیڈ کے ملازمین سات ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ 15 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ پہلے ہی کم ہے لیکن سات ماہ سے اس قلیل رقم کی عدم فراہمی نے ملازمین اور ان کے خاندانوں کو فاقہ کشی پر مجبور کر دیا ہے۔
متاثرہ ملازمین نے حکومتِ آزاد کشمیر سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لے اور تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہوں کی بندش کے باعث ان کے گھروں کے چولہے بجھ گئے ہیں اور وہ روزمرہ کے اخراجات پورے کرنے سے قاصر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بلدیاتی نمائندگان ضلع جہلم ویلی کا اجلاس: حکومت آزاد کشمیر سے مطالبات کی منظوری کا مطالبہ
ملازمین نے مزید کہا کہ ان کی قلیل تنخواہیں مہنگائی کے اس دور میں پہلے ہی ان کے اخراجات پورے کرنے کے لیے ناکافی تھیں لیکن تنخواہوں کی مسلسل بندش نے ان کی زندگیوں کو مزید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ اس مسئلے پر آواز اٹھانے کے لیے ملازمین نے آزاد کشمیر کے سینئر رہنماؤں اور صحافی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی آواز کو متعلقہ حکام تک پہنچانے میں کردار ادا کریں۔