لاہور؛پاکستان سپر لیگ 10 کا فائنل شروع ہونے سے 10منٹ پہلے لاہور پہنچنے والے سکندر رضا نے لاہور قلندرز کو تیسری بار پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کا ٹائٹل جتوا دیا۔
پی ایس ایل 10 کے فائنل میں لاہور قلندرز کی جانب سے وننگ شاٹ مارنے والے سکندر رضا، میچ سے 24 گھنٹے قبل ناٹنگھم میں قومی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔
انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ ختم ہوا تو سکندر رضا 3 فلائٹس بدل کر لاہور پہنچے، قلندرز کی جرسی پہنی، میدان میں اترے اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرادیا ۔
پی ایس ایل 10 جیتنے کے بعد سکندر رضا نے بتایا کہ میں کل انگلینڈ میں زمبابوے ٹیم کیلئے بیٹنگ کر رہا تھا اور فائنل میچ سے کچھ دیر پہلے لاہور پہنچا تھا۔
سکندر رضا نے کہا کہ میں نے کل ڈنر برمنگھم میں کیا، دبئی میں ناشتہ اور ابوظہبی میں لنچ کیا، طویل سفر کرکے آیا کیوں کہ مجھے معلوم تھا کہ ٹیم کو میری ضرورت ہے، میں تھکا ہوا تھا،عزم تھا کہ جو گیند ملے گی اس پربہتر شاٹ کھیلوں۔
زمبابوین آل راؤنڈر کی شاندار کمٹمنٹ کے مظاہرے کو کرکٹ فینز خوب سرا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 10کا میلہ اختتام پذیر،چمچماتی ٹرافی لاہور قلندرزکے نام