POLIO

حویلی میں انسداد پولیو مہم شروع، 28 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے

حویلی کہوٹہ ( کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر کے ضلع حویلی میں قومی انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ مہم 26 مئی سے 30 مئی تک جاری رہے گی، 28 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ریاست کے دیگر حصوں کی طرح پولیو مہم کا حویلی کہوٹہ میں بھی آغاز ہو گیا،مہم 26 مئی تا 30 مئی 2025 تک جاری رہے گی۔
قومی پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جواد افضل کیانی نے کیا ، افتتاحی تقریب محکمہ صحت کے زیر اہتمام منعقد ہوئی جس میں ضلعی ای پی آئی ٹیم اسسٹنٹ ڈائریکٹر صحت عامہ عبدالرحمن، محمد فاروق میر ڈی ایس وی، سول میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ثقلین ساجد

ہیلتھ ایجوکیشن آفیسر مصعب جلیل و دیگر سٹاف ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس، یو سی ایم او ایریا انچارج، فیلڈ ورکرز، اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اس دوران اسکی اہمیت و افادیت پر بھی روشنی ڈالی گئی، ڈی ایچ او ڈاکٹر جواد افضل کیانی نے اس موقع پر تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ مہم کے دوران ضلع بھر میں 28 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں ۔آزادکشمیر بھر میں پانچ روزہ پولیومہم ، 742571بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے، ڈاکٹر سردار منظور

اس مقصد کے لیے 156 موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔ 16 ٹرانزٹ پوائنٹس پر سفر کرنے والے بچوں کو کور کیا جائے گا، جبکہ 21 فکسڈ سینٹرز پر موجود ٹیمیں مراکز صحت پر موجود بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔

انھوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران ڈپٹی کمشنر حویلی کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ کا بھرپور تعاون اور کوآرڈینیشن اس مہم کی کامیابی کا ضامن ہے۔

عوام سے بھرپور اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹیموں سے مکمل تعاون کریں تاکہ پولیو کے مکمل خاتمے کا قومی ہدف حاصل کیا جا سکے،اگر کسی جگہ ٹیم نہ پہنچ سکے یا کوئی بچہ رہ جائے تو والدین سے گزارش ہے کہ وہ قریبی مرکز صحت جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔

مزید برآں  محکمہ صحت کی جانب سے حفاظتی ٹیکہ جات کی اہمیت اور افادیت پر بھی زور دیا جا رہا ہے تاکہ بچوں کو نہ صرف پولیو بلکہ دیگر مہلک بیماریوں سے بھی محفوظ رکھا جا سکے۔

 

Scroll to Top