کشمیر ،اسلام آباد، بالائی کے پی سمیت مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں آج بھی بادل برسنے کو تیار ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، کشمیر،بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، پنجاب اور بلوچستان کے بعض حصوں میں آج آندھی کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش یا ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان میں سورج کی تپش کم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ شدید گرمی نے شہریوں کو نڈھال کر دیا ہے، خاص طور پر میدانی علاقوں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سبی 49، دادو، موہنجودڑو، روہڑی، لاڑکانہ، نوابشاہ 47، سکھر 46، حیدرآباد 45، ملتان 44، لاہور اور فیصل آباد 41، کوئٹہ و پشاور 38، کراچی 37، گلگت 36، اسلام آباد 35 اور مظفرآباد میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا ‘لال چوک اعلامیہ’ جاری، 8 جون ڈیڈ لائن

ماہرین موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں آج بھی شدید گرم اور خشک موسم کا راج رہے گا، جبکہ کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں دوپہر کے بعد گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باعث گرمی کی شدت مزید محسوس کی جا رہی ہے۔

عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ غیر ضروری دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، ہائیڈریٹ رہیں اور موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں۔

Scroll to Top