لائن آف کنٹرول کے قریب واقع وادی سماہنی کی پہاڑیوں میں قدرت کا ایک نایاب تحفہ “آخرہ” پک کر تیار ہوچکا ہے۔ یہ پھل نہ صرف اپنے لذیذ ذائقے کی وجہ سے مشہور ہے بلکہ طبی فوائد کی بدولت مقامی افراد میں بے حد مقبول بھی ہے۔
یہ قدرتی پھل ہر سال موسمِ گرما کے آغاز میں پہاڑی علاقوں میں خود رو جھاڑیوں پر پک کر تیار ہو جاتا ہے۔ “آخرہ” کو مقامی لوگ شوق سے کھاتے ہیں اور اسے صحت کے لیے نہایت مفید قرار دیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ پھل گردوں کے امراض میں فائدہ مند ہے اور جلد کے مختلف مسائل کے علاج میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
وادی کے رہائشی اسے قدرتی دوا تصور کرتے ہیں۔ ان کے بقول یہ پھل نہ صرف زائقے میں اچھا ہے بلکہ معدے، جگر اور خون کی صفائی جیسے مسائل میں بھی مفید سمجھا جاتا ہے، اس علاقے کے لوگ تو اس پھل کے بارے میں جانتے ہیں لیکن یہاں سے باہر لوگوں کو اس پھل کے بارے میں معلومات نہیں ہے، جھاڑیوں میں اگنے کی وجہ سے یہ ایک جڑی بوٹی کا بھی کام دیتا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ “آخرہ” میں موجود قدرتی اجزا نہ صرف قوتِ مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حسین خواب حقیقت بن گیا،40 سال سے حج کیلئے پیسے جمع کر نے والا جوڑا سعودی عرب پہنچ گیا
قدرتی ذائقے، غذائیت سے بھرپور اور دوا جیسی تاثیر رکھنے والا یہ منفرد پھل وادی سماہنی کی ایک خاص سوغات ہے، جو اس علاقے کی پہچان بنتا جا رہا ہے۔