پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں 13 شہری جاں بحق اور 92 زخمی ہو گئے، پی ڈی ایم اےنے صوبے بھر میں طوفان سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں ایک ابتدائی رپورٹ جاری کی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق آندھی اور طوفان سے ہونے والے حادثات میں 13 شہری جاں بحق ہوئے، راولپنڈی میں 1 شہری، جہلم میں 3، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں 1 شہری جان سے گیا ۔
اس کے علاوہ سیالکوٹ میں دو شہری جان سے گئے،پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ یہ اموات خستہ حال مکانات کے گرنے اور غیر محفوظ ہونے کی وجہ سے ہوئیں،طوفان نے کئی خستہ حال مکانات کو بھی نقصان پہنچایا۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔طوفانی بارش اور ژالہ باری،راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ ، بجلی منقطع
دوسری جانب ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبے بھر کے کمشنروں، ڈپٹی کمشنروں اور ریسکیو ا داروں کو ہدایت کی ہےکہ وہ چوکس رہیں جبکہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کریں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ریسکیو 1122 اور دیگر ریسکیو ادارے اپنے اہلکاروں کو الرٹ رکھیں ۔
پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی،ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ صوبائی کنٹرول روم بشمول تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔آزادکشمیر ، اسلام آباد میں تیز آندھی ،طوفان،شٹرنگ گرنے سے 2 مزدور جاں بحق
پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی نگرانی کی جا رہی ہے،انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خراب موسم میںغیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہتے ہوئے گھر یا محفوظ جگہوں پر رہنے کو ترجیح دیں۔
انہوں نے کہا کہ آسمانی بجلی گرنے سے بچنے کے لیے محفوظ جگہوں پر رہیں،گرج چمک اور طوفان کے دوران کھلے آسمان کے نیچے کبھی باہر نہ جائیں ، بچوں کی خصوصی دیکھ بھال کریں اور انہیں کبھی خستہ حال عمارتوں کے قریب جانے نہ دیں۔