میرپور :ضلع میرپور میں “پاک فوج زندہ باد” کے عنوان سے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں سیاسی، سماجی، مذہبی جماعتوں، سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے ملازمین، اساتذہ کرام، طلباء اور ملازمین کی تنظیموں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔
ریلی کا آغاز کرکٹ اسٹیڈیم میرپور سے ہوا، جو مرکزی چوک سے ہوتی ہوئی اسٹیڈیم کے باہر اختتام پذیر ہوئی اور جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔
ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر راجہ زاہد حسین، افسر مال راجہ ایاز احمد خان، تحصیلدار عمران یوسف، چیف آفیسر بلدیہ راجہ شیراز خان، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد اسحاق مغل، انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک، ڈپٹی ڈی او اورنگزیب خان، کنٹرولر ایلیمنٹری بورڈ محمد اسحاق چوہان، پی ڈبلیو ڈی ورکز یونین کے صدر راجہ نجیب ٹھاکر، عرفان یوسف، زاہد سلطان، علی رضا، قاری محمد کامران، صیام حنیف، عماد الدین، قاری رمیض گیلانی، احسن بشیر اور اساتذہ نمائندگان نے کی۔
ریلی کے شرکاء نے بینرز، پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی پرچم تھام رکھے تھے جبکہ اسکول کے بچوں نے ہاتھوں میں ایسے کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج سے محبت اور عقیدت کے جذبات درج تھے۔ شرکاء “فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر زندہ باد”، “چیف تیرا ایک اشارہ، حاضر لہو ہمارا”، “پاک فوج زندہ باد”، “پاکستان پائندہ باد” اور “تحریک آزادی کشمیر زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔
جلسے کی نظامت کے فرائض اسحاق چوہان نے انجام دیے جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد اسحاق مغل نے جلسے میں قراردادیں پیش کیں۔ قراردادوں میں 6 اور 7 مئی کو بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر اور پاکستان کی سول آبادی پر کیے گئے بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ ساتھ ہی 10 مئی کو پاک فوج کی جانب سے دشمن بھارت کو جنگ میں دندان شکن شکست دینے پر فیلڈ مارشل جنرل حافظ سید عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سمیت پوری پاکستانی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ 10 مئی کا دن نہ صرف پاکستان بلکہ امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم فتح کا دن ہے، جس نے دنیا کو بتا دیا کہ طاقت کا گھمنڈ کرنے والے دہشت گرد ملک کے خواب خاک میں مل چکے ہیں۔
شرکاء نے کہا کہ پاک فوج کی جرات، قربانیوں اور آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی نے قوم کو متحد و منظم کر کے ایک ناقابل تسخیر قوت بنا دیا ہے۔ قوم اپنے سپاہیوں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
قرارداد میں بھارت کی جانب سے خضدار میں معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی بھی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ پاکستانی قوم ان بزدلانہ کارروائیوں سے خوفزدہ ہونے والی نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شدید گرمی کے بعد بارش، مظفرآباد میں موسم خوشگوار
ریلی کے دوران فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی مسئلہ کشمیر پر جرات مندانہ موقف کو سراہا گیا اور ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری قوم مسلح افواج پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اب وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ جموں و کشمیر بھارت کے تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔
جلسے کے اختتام پر تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی، پاکستان کی سلامتی و دفاع، مسلح افواج کے شہداء اور غازیوں کے جذبۂ جہاد کی سربلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔