افواہوں کا بھانڈا پھوٹ گیا! دریائے نیلم کا بہاؤ معمول کے مطابق جاری

گزشتہ چند دنوں سے افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ بھارت نے کشن گنگا ڈیم بند کر کے دریائے نیلم کا پانی روک دیا ہے، جس کی وجہ سے دریا میں پانی کی شدید کمی واقع ہو گئی ہے۔ تاہم کشمیر ڈیجیٹل کی طرف سے کی گئی جانچ پڑتال کے بعد پتا چلا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے بلکہ دریائے نیلہم کے پانی کو تو روکا ہی نہیں جا سکتا۔

مقامی ذرائع کے مطابق کچھ نوجوانوں نے تاوبٹ کے علاقے سے یہ افواہ پھیلائی، جس میں کہا گیا کہ انڈیا کی جانب سے کشن گنگا ڈیم بند کر دینے کی وجہ سے دریائے نیلم میں پانی کا بہاو کم ہو گیا ہے۔ مگر جب کشمیر ڈیجیٹل کے نمائندے نے خود وہاں جا کر نہ صرف دریا کی صورتحال دیکھی بلکہ ضلعی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر سے بھی رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ دریا معمول کے مطابق مکمل آب و تاب سے بہہ رہا ہے اور دریا میں پانی کی مقدار میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر نیلم نے واضح کیا کہ دریائے نیلم جو پہلے کشن گنگا کہلاتا تھاچشمو ں، نالوں اور پہاڑی چشمہ جات کا قدرتی دریا ہے جس میں نالہ سرگن اور نالہ شونٹھر سمیت متعدد مقامی نالے شامل ہو کر اس کی روانی کو جاری رکھتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر بھارت اپنی طرف سے ایک نالے کا پانی روک بھی لے تب بھی دریائے نیلم کا قدرتی بہاؤ برقرار رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان اور عوام کے منہ توڑ جواب کے بعد اب بھارت کسی قسم کی آبی جارحیت کا مرتکب نہیں ہو سکتا ۔ اس قسم کی خبریں صرف انتشار پھیلانے کی ناکام کوشش ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ: شوکت نواز میر سمیت عہدیداران کو عہدے سے ہٹانے کا حکم

ڈپٹی کمشنر نیلم نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی ہےکہ جھوٹی، غیر مصدقہ اور من گھڑت خبروں سے اجتناب کریں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف مستند ذرائع پر اعتماد کریں۔

Scroll to Top