مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے ایک اہم مقدمے میں بڑا فیصلہ سناتے ہوئے شوکت نواز میر سمیت دیگر عہدیداروں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا ہے اور انہیں خود کو چیئرمین کہنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ سید طیب علی شاہ بنام آزاد حکومت و دیگر کے عنوان سے دائر رٹ پٹیشن میں سنایا گیا، جس کی سماعت عدالت العالیہ کے معزز جج جسٹس چوہدری خالد رشید نے کی۔ مقدمے میں درخواست گزاروں کی جانب سے سید شجاعت نقوی ایڈووکیٹ اور ابتدائی طور پر فیاض الحسن مغل ایڈووکیٹ نے پیشی کی، جبکہ حکومت اور دیگر فریقین کی نمائندگی سید عبدالصمد ایڈووکیٹ، راجہ وقار علی خان ایڈووکیٹ اور سرکاری محکموں کی طرف سے فرخندہ ابرار ایڈووکیٹ نے کی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں حکومت آزاد کشمیر کو ہدایت کی ہے کہ وہ 90 دن کے اندر Trade Organisations Registration & Regulation Act 2019 کو مکمل طور پر نافذ کرے، تاکہ تاجر تنظیموں کی باقاعدہ رجسٹریشن ممکن ہو اور ان کے تمام معاملات اسی قانون کے تحت طے پائیں۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ اسی قانون کے مطابق نئے انتخابات بھی کرائے جائیں گے۔