مظفر آباد:وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے شہدا ء کے ورثاء کیلئے ایک کروڑ روپے اور زخمیوں کیلئے10 سے 20 لاکھ تک امداد احسن اقدام ہے۔
بھارت شاید بین الاقوامی سرحد پر جارحیت سے باز رہے لیکن بھارت کا ہدف اب آزادکشمیر بھی ہو سکتا ہے ، بھارت نے جارحیت کی تو اس کم ظرف دشمن کو گھر میں گھس کر ماریں گے۔
وزیراعظم پاکستان سے گزارش ہے کہ ہمارا ترقیاتی بجٹ 28 ارب ہے جس میں اضافہ کر کے اس کو 38 ارب کیا جائے۔
شہداء کے ورثا میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری انوالحق نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ اگلے 6ماہ میں ہندوستان کی جانب سے پھر امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جائیگی۔
ایل او سی پر آباد کشمیری فرسٹ سول ڈیفنس لائن ، اس آبادی کے تحفظ کیلئے بنکرز کی ضرورت ہے ،وزیراعظم پاکستان اور مسلح افواج پاکستان کی قیادت کو بھارتی جارحیت کو ناکام بنانے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔
وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے سپہ سالار پاک فوج کو فیلڈ مارشل جنرل کے عہدے پر تعیناتی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، بھارت ازلی روایتی اور کم ظرف دشمن ہے ، بھارت سے خیر کی توقع نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیز فائر عارضی امن بحال کرنے کی کوشش ہے ، بھارت مکروہ عزائم کی تکمیل کے لیے دوبارہ جارحیت کر سکتا ہے۔
پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز 3000عام شہریوں کو لاپتہ جبکہ بھارتی ریاستی افواج کی دہشتگردی کی وجہ سے 60 مکان تباہ کر دئیے گئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی بدولت بھارت جارحیت سے باز آیا ، تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچاکر تحریک تکمیل پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی بدنیتی سے آگاہ تھے ، ہمیں اندازہ تھا کہ بھارت ننگی جارحیت کریگا ،محکموں کو جارحیت کے دوران متحرک رہنے اور عوام کی بھرپور رہنمائی اور معاونت کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم انوارالحق سے نکیال کے نمائندہ وفد کی ملاقات، فرسٹ ایڈ پوسٹ کے قیام کا اعلان