آذربائیجان اےزیڈ ٹی وی کا وفدمظفرآباد پہنچ گیا،پرتپاک استقبال

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آذربائیجان اےزیڈ ٹی وی کا وفدمظفرآباد پہنچ گیا، آذربائیجان کی جانب سے دارالحکومت مظفرآباد میں تعمیر کردہ “حیدر علییف گرلز سکول/ہائیر سیکنڈری سکول راڑہ میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔

آزادکشمیر کا دورہ کرنے والی آذربائیجان ٹیلیویژن کی ٹیم کی قیادت میڈیا اینڈ انفارمیشن لٹریسی سینٹر آذربائیجان کی سربراہ و وائس ریکٹر ٹیلی ریڈیو اکیڈمی اے۔ذیڈ ٹیلیویژن الماز محمود نصیبوفا کر رہی تھیں۔

اے۔زیڈ ٹیلیویژن کے وفد کا گرلز ہائیر سیکنڈری سکول راڑہ پہنچے پر سکول کی بچیوں، ٹیچرز اور والدین نے پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب سے اے۔ذیڈ ٹیلیویژن الماز محمود نصیبوفا، ڈی پی آئی سکولز تسنیم گل، پرنسپل گرلز ہائیر سیکنڈری سکول راڑہ ناظمہ بی بی اور سابق سیکرٹری تعلیم راجہ عباس خان نے خطاب کیا۔

سکول کی بچیوں نے مہمانوں کے استقبالیہ کے لیے رنگا رنگ ٹیبلو پیش کیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے۔ذیڈ ٹیلیویژن کی نمائندہ الماز محمود نصیبوفا نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر میں انکا بھرپور استقبال کیا گیا اور یہاں کے لوگوں نے بہترین مہمان نوازی کی۔

الماز محمود نصیبوفا کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے برادرانہ تعلقات ہمیشہ سے قائم ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے پیار اور محبت کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

یہ ادارہ آذربائیجان کی جانب سے آزادکشمیر کے لوگوں کو زلزلہ کے بعد ایک تحفہ کے دور پر تعمیر کر کے دیا گیا ہے جو دونوں کے لازوال رشتوں کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں آئندہ بھی دنوں ممالک کے یہ تعلقات قائم رہیں گے۔

انہوں نے بہترین استقبال کرنے پر پرنسپل ادارہ، سٹاف، طالبات اور والدین کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی پی آئی کالجز تسنیم گل نے کہا کہ میں محکمہ تعلیم کی جانب سےآذربائیجان کی حکومت کی شکرگزار ہوں کہ انہوں نے تعلیم کے شعبہ میں ہمارے ساتھ تعاون کیا اور ہمیں اس ادارہ کی سٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ تعمیر کر کے دی۔

آذربائیجان ہمارا برادر ملک ہےجس نے زلزلہ 2005 کے بعد آزادکشمیر میں ریلیف اور ریسکیو کے کاموں میں ہمارے ساتھ تعاون کیا جس پر میں آذربائیجان کی حکومت اور عوام کی تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔

پرنسپل ادارہ ناظمہ بی بی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ادارہ آذربائیجان کی حکومت کی جانب سے ہمارے لیے کسی نعمت سے کم نہیں جہاں سے ہماری نوجوان نسل جو ہمارا مستقل ہے وہ مستفید ہو رہی ہے۔

میں سکول سٹاف اور طالبات کی جانب سے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ تقریب خطاب کرتے ہوئے سابق سیکرٹری حکومت راجہ عباس خان نے اہل علاقہ کی جانب سے آذربائیجان کے وفد کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بچیوں کے لیے ایک بہترین ادارہ قائم کرنے میں آزادکشمیر کی مدد کی۔

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان پیار اور محبت کے اٹوٹ رشتوں میں منسلک ہیں۔ ہمیں آذربائیجان کی دوستی اور بھائی چارے پر فخر ہے۔ آذربائیجان نے ہر مشکل وقت میں ڈٹ کر پاکستان کی حمایت کی۔

تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیدہ ایمن نقوی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر راجہ سہیل خان سمیت سکول سٹاف، طالبات، والدین اور عمائدین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر اے۔زیڈ ٹی وی کی ٹیم نے مختلف گھروں میں جا کر والدین اور بچوں کے انٹرویوز بھی ریکارڈ کیے۔ یاد رہے کہ آذربائیجان ٹیلیویژن اے۔زیڈ ٹی وی کی ٹیم ان دنوں تعلیم، موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر مسائل کے حوالہ سے ایک ڈاکومنٹری کی تیاری کے سلسلہ میں پاکستان کے دورہ پر ہے۔

صدر مملکت اور وزیراعظم نے جنرل سید عاصم منیر کو ’’بیٹن آف فیلڈ مارشل‘‘ کے اعزاز سے نواز دیا

Scroll to Top