ہٹیاں بالا(کشمیر ڈیجیٹل نیوز)پولیس سوئی رہی تھانہ چناری سے چند سو گز کے فاصلہ پر قبضہ مافیا نے رات کی تاریکی میں چوروں کی طرح این ایچ اے کی تعمیر شدہ دیوار توڑ کر خالصہ سرکار زمین پر قبضہ کے لیے کھدائی شروع کردی
عوامی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی،وزیر اعظم،چیف سیکرٹری اور آئی جی آزاد کشمیر سے نوٹس لینے،قبضہ مافیا کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتاری اور سخت کارروائی کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ چناری سے چند سو گز کے فاصلہ پر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چوروں کی طرح قبضہ مافیا نے ہیوی مشینری کی مدد سے مظفرآباد سے چکوٹھی کی دائیں جانب این ایچ اے کی تعمیر حفاظتی دیوار توڑ کر خالصہ سرکار زمین اور پہاڑ کی کٹنگ شروع کردی،
ملبہ ایک نان کسٹم مزدہ کے زریعے دریائے جہلم میں پھینک کر دریا کو بھی آلودہ کردیا گیا،قبضہ مافیا کی جانب سے این ایچ اے کی دیوار توڑ کر خالصہ سرکار زمین کی کٹنگ سے شدید بارشوں کے دوران کسی بھی وقت چنوئیاں،بنیاں روڈ بھی لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ سرینگر پر گر سکتی ہےجس سے ہزاروں کی آبادی سڑک کی سہولت سے محروم ہونے کے علاوہ انسانی جانوں کے ضیاع کا بھی خطرہ ہے،
عوامی حلقوں نے قبضہ مافیا کی جانب سے خالصہ سرکار پر قبضہ کی غرض سے کٹنگ پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم،چیف سیکرٹری اور آئی جی آزاد کشمیر سے فوری طور پر نوٹس لینے اور قبضہ مافیاکے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کیا
،زرائع کے مطابق قبضہ مافیا کو مبینہ طور پر بعض آفیسران کی بھی پشت پناہی حاصل ہے،بدھ اور جمعرات کی رات خالصہ سرکار پر کٹنگ کے باوجود جمعرات کا پورا دن گذرنے کے بعد بھی انتظامیہ اور پولیس لینڈ مافیا کے خلاف حرکت میں نہیں آئی
البتہ چنوئیاں کی حدود کے مقامی پٹواری دن بھر قبضہ مافیا کے ساتھ مبینہ طور پر گھومتے اور ان کے گھر جاتے ہوئے دیکھنے کی مقامی لوگوں نے تصدیق کی ہے۔۔