ملک میں افراطِ زر میں حالیہ کمی کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے قومی بچت کی مختلف سکیموں پر منافع کی شرح میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
قومی بچت کی مختلف سکیموں کے حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی شرح منافع 21 مئی 2025 سے نافذ العمل ہوگی۔ نجی نیوز چینل کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ مختلف اسکیموں پر منافع کی شرح میں ایک فیصد تک کمی کی گئی ہے۔ یہ کمی ہر اسکیم کے مطابق مختلف ہوگی اور اس کا فیصلہ موجودہ مالیاتی حالات اور مہنگائی کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیونگز اکاؤنٹ پر منافع کی شرح ایک فیصد کمی کے بعد 9.5 فیصد کر دی گئی ہے۔ سپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس پر 30 بیسز پوائنٹس کمی کے بعد نئی شرح 10.9 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح ریگولر انکم سرٹیفکیٹس پر منافع 18 بیسز پوائنٹس کم ہو کر 11.52 فیصد ہو گیا ہے، جبکہ ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس پر 21 بیسز پوائنٹس کی کمی کے بعد منافع کی شرح 11.91 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ پر منافع کی شرح میں 24 بیسز پوائنٹس کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ان اسکیموں پر اب 13.4 فیصد منافع دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کا فیلڈ مارشل بننا نیک شگون قرار، وزیر قانون آزاد کشمیر کا ردعمل
حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ معیشت میں توازن پیدا کرنے اور مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ قدم مالیاتی پالیسی کو موجودہ حالات کے مطابق ڈھالنے کی ایک کوشش ہے تاکہ معیشت کو مستحکم رکھا جا سکے۔