امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور اس کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام بہترین اوراس کے رہنما عظیم ہیں جبکہ بھارت میں نریندر مودی ان کا دوست ہے۔
صدر ٹرمپ نے یہ بات وائٹ ہاؤس میں جنوبی افریقا کے صدر سیرل رامافوسا سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی معاہدے کی تعریف کی۔ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ بڑے معاہدے کر رہا ہے اور دونوں کے درمیان جنگ بندی کرائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے دونوں ممالک سے کہا کہ یہ تم لوگ کیا کر رہے ہو؟ دونوں کے درمیان مسئلہ بڑے سے بڑا، گہرا اور بدترین ہوتا جا رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: طلباء ایکشن کمیٹی کا 24 مئی کو یومِ شہدا جلسہ میں بھرپور شرکت کا اعلان
دوسری جانب اسی ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے جنوبی افریقی صدر پر سفید فام اقلیت کی نسل کشی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا میں سفید فام افراد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور سفید فام کسان وہاں سے بھاگنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے صحافیوں اور جنوبی افریقی صدر کو کچھ دستاویزات اور تصاویر بھی دکھائیں، جنہیں انہوں نے سفید فام اقلیت کی نسل کشی کے ثبوت قرار دیا۔




