خضدار میں سکول بس پر دہشتگرد حملہ، وزیراعظم آزادکشمیرکی شدید مذمت

مظفرآباد : آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گردوں کی جانب سے سکول بس کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے بربریت کی انتہا قرار دیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر بربریت کی انتہا کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کی شہادت پر دل بہت رنجیدہ ہے۔ چوہدری انوارالحق نے الزام عائد کیا کہ ہندوستان کے تربیت یافتہ دہشت گرد بلوچستان میں افراتفری پھیلا رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہندوستان آپریشن “بنیان المرصوص” کی کامیابی سے بوکھلا گیا ہے اور اسی وجہ سے مودی سرکار نے کھلی جنگ میں شکست کے بعد پراکسی وار تیز کر دی ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے خودکش حملے میں شہید ہونے والے اساتذہ کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک معصوم جانوں سمیت شہداء کے درجات بلند فرمائے اور اللہ پاک شہداء کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیرمیں دوا نہیں موت بانٹی جا رہی ہے!صحافی فوادصادق کے انکشافات

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بلوچستان کے ضلع خضدار میں قومی شاہراہ پر زیرو پوائنٹ کے قریب اُس وقت افسوسناک واقعہ پیش آیا جب ایک اسکول بس کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔ دھماکے کے نتیجے میں بس میں سوار معصوم بچوں سمیت پانچ افراد شہید جبکہ 38 سے زائد طلباء زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی بچوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں اس حملے کو بھارتی ریاستی دہشت گردی کی حمایت یافتہ پراکسیز کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق بھارت، جو میدان جنگ میں بری طرح شکست کھا چکا ہے، اب پراکسیز کے ذریعے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اسکول جانے والے معصوم بچوں کو نشانہ بنانا بنیادی انسانی اقدار اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ حملہ بھارتی سیاسی حکومت کی اُس گھناؤنی پالیسی کا تسلسل ہے جس میں دہشتگردی کو ریاستی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اس بزدلانہ حملے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور ذمہ داروں کو تلاش کرکے نشانِ عبرت بنایا جائے گا اور بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

ادھر ڈپٹی کمشنر خضدار نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سکول بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے اور واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ واقعے کے بعد ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور واقعے کی بھرپور مذمت کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top