پاکستان کا پیغام سچ اور امن کا ہے، بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور حکومت کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف بنائی گئی سفارتی کمیٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا پیغام سچ اور امن کا ہے، جسے عالمی برادری سننا چاہتی ہے۔ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتا ہے لیکن ہم اسے ایسا نہیں کرنے دیں گے۔

بدھ کے روز سفارتی مشن پر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان دنیا میں دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے اور ہماری خواہش خطے سمیت دنیا بھر میں امن کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد خطے کو دہشتگردی سے پاک کرنا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کیے، جس سے اس کا عالمی مؤقف مزید کمزور ہوا ہے۔ پاکستان کے وزیراعظم نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش کی، جسے بھارت نے مسترد کر دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ ختم کر کے پاکستان کے خلاف جارحیت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن ہم اسے ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ سفارتی کمیٹی مختلف ممالک کا دورہ کر کے پاکستان کا مؤقف عالمی برادری کے سامنے رکھے گی۔

بلاول نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی بھارت کی جانب سے خلاف ورزی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پانی جیسے بنیادی مسئلے پر جنگ چھڑ گئی تو اس کے اثرات صرف پاکستان اور بھارت تک محدود نہیں رہیں گے، کیونکہ دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت دے رہا ہے اور امن کا خواہاں ہے۔ دنیا پاکستان کا امن اور سچائی پر مبنی پیغام سننا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نے بے بنیاد الزامات لگائے جبکہ پاکستان کی قیادت نے امن کا پیغام دیتے ہوئے تحقیقات کی پیش کش کی، جسے بھارت نے نظرانداز کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور چین آئرن برادرز، دہائیوں پر محیط رشتہ مزید مستحکم ہوگا، ایئر چیف مارشل

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت نفرت اور جھوٹ کا سہارا لے رہا ہے جبکہ پاکستان محبت، ہمدردی اور سچائی کا علمبردار ہے۔ پاکستان کا دفاع مضبوط ہے، ہمیں کمزور نہ سمجھا جائے۔ ہم عالمی برادری کے سامنے حقائق رکھیں گے کہ بھارت نے ہمیشہ الزامات بغیر ثبوت کے لگائے ہیں۔

Scroll to Top