خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کاایک ہزار فلسطینیوں کو ذاتی خرچ پرحج کرانے کا اعلان

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فلسطینی شہدا، قیدیوں اور زخمیوں کے ایک ہزار اہل خانہ کو اپنے ذاتی خرچ پر حج کرانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ اعلان سعودی عرب کے “خادم حرمین شریفین کے مہمانانِ حج، عمرہ اور زیارت پروگرام” کے تحت سامنے آیا ہے، جسے وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کے زیر انتظام نافذ کیا جا رہا ہے۔

وزیر اسلامی امور و دعوت، شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے شاہ سلمان اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا اس عظیم اقدام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مملکت کی فلسطینی عوام سے مسلسل حمایت، ان سے یکجہتی اور اسلامی اخوت کو فروغ دینے کے عزم کا مظہر ہے۔

شیخ عبداللطیف نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ قیادت کی ان کوششوں کا تسلسل ہے جن کا مقصد فلسطینی عازمینِ حج کو مناسک کی ادائیگی میں آسانیاں فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت نے فوری طور پر ایک جامع منصوبے پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے جس کے تحت فلسطینی عازمینِ حج کو وطن سے روانگی سے لے کر واپسی تک مکمل سہولیات دی جائیں گی تاکہ ان کا قیام مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پُرسکون اور بامقصد ہو۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں ہیٹ ویو الرٹ: اگلے 4 دن شدید گرمی کی لہر جاری رہنے کا امکان

وزیرِ اسلامی امور کے مطابق یہ پروگرام 1417 ہجری سے جاری ہے اور اب تک اس کے تحت دنیا کے مختلف ممالک سے 64 ہزار سے زائد عازمین حج کی میزبانی کی جا چکی ہے، جو اسلام اور مسلمانوں کی خدمت میں سعودی عرب کی مسلسل کوششوں کا ثبوت ہے۔

Scroll to Top