ملک بھر میں شدید گرمی کی نئی لہر کے پیشِ نظر محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 20 سے 24 مئی کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ رہنے کا امکان ہےجس کے باعث عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الرٹ کے مطابق جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔اسی طرح پنجاب کے بالائی و وسطی علاقوں، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی پارہ معمول سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، بالخصوص بچوں، بزرگوں اور خواتین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ان دنوں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور اگر باہر جانا ناگزیر ہو تو مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
یہ بھی پڑھیں: یاماہا کی زبردست آفر! اب زیرو مارک اپ پرموٹر سائیکل خریدیں
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ دوپہر کے وقت براہ راست سورج کی روشنی سے خود کو بچائیں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فصلوں سے متعلق سرگرمیاں موجودہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیں اور مویشیوں کا خصوصی خیال رکھیں۔