میرپور: صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہم اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں کہ اُس نے افواجِ پاکستان کو آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ میں عظیم الشان فتح سے سرفراز فرمایا۔
یہ معرکہ صرف ایک جنگ نہ تھی بلکہ حق و باطل کا ٹکراؤ تھا، جہاں پاک فوج نے عددی طور پر دس گنا بڑے دشمن کو نہ صرف شکست دی بلکہ اُس کے جنگی جنون اور غرور کو خاک میں ملا دیا۔
آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق میں تاریخ ساز فتح پر ہم ہفتہ تشکر منائیں گے اسی سلسلے میں یکم جون کوکوٹلی میں یوم تشکر کی تقریب منعقد ہو گی میں خود اس تقریب میں شرکت کروں گا۔
سابق صدر چیمبر آف کامرس چوہدری جاوید اقبال کی رہائش گاہ پر استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ سیزفائر ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔
سیز فائر نے خطے میں قیامِ امن کی امیدوں کو نئی زندگی بخشتی ہے تاہم پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ جاری مذاکرات کو سہ فریقی شکل دی جائے جن میں پاکستان، بھارت اور کشمیری عوام بطور اصل فریق شامل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش ایک مثبت اشارہ ہے، جس سے بین الاقوامی برادری کی توجہ اس سلگتے ہوئے مسئلے کی طرف مبذول ہوئی ہے۔
حالیہ پاک بھارت کشیدگی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ کشمیر کوئی علاقائی تنازع نہیں بلکہ انسانی حقوق اور آزادی کی جدوجہد کا مسئلہ ہے، جسے عالمی ضمیر کی بیداری اور سنجیدہ سفارتی کاوشوں کے ذریعے حل کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں جہاں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے کوشاں رہتا ہوں وہیں میں ریاست کی عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے جدوجہد بھی جاری رکھتا ہوں۔
میرپور کے بیشتر مسائل حل ہو چکے ہیں راٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل کا کام تیزی سے جاری ہے پارکنگ پلازہ کے منصوبے کا میں نے افتتاح کر دیا ہے جلد وہ منصوبہ مکمل ہو جائے گا۔
چوہدری جاوید اقبال نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو درپیش جن مسائل کا ذکر کیا ہے میں انہیں فوری طور پر حل کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کروں گا ۔
یہ بھی پڑھیں:مسئلہ کشمیر کا حل سہ فریقی ہونا چاہیے،کشمیریوں کو بھی مذاکرات کی میز پر بٹھانا ہو گا،بیرسٹر سلطان