مظفرآباد :ڈڈیال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ویزوں کے فراڈ میں ملوث اور سادہ لوح لوگوں کو ورک پرمٹ کا جھانسہ دیکر لوٹنے والا مرکزی ملزم روات راولپنڈی سے گرفتار کر لیا۔
نیو ٹائون ڈڈیال کے رہائشی دانش ممتاز نے اکتوبر 2024 میں ڈڈیال پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ ملزم راج ولی اور اس کے ساتھیوں نے بیرون ملک انگلینڈ کے ورک پرمٹ کا جھانسہ دیکر 86 لاکھ روپے ہتھیا لئے ہیں۔
ملزم نے جعلی ویزادیا جس پر برطانوی سفارتخانے نے دانش ممتاز پر 10 سال کے لئے پابندی عائد کردی تھی۔ڈڈیال پولیس نے گزشتہ 6 ماہ سے اشتہاری ملزم کی تلاش جاری رکھی ہوئی تھی۔
ڈڈیال پولیس کے سب انسپکٹر نوید صدیق کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے اطلاع پر روات راولپنڈی سے گرفتار کرکے ملزم کے دیگرلوگوں سے فراڈ کے حوالہ سے بھی تفتیش شروع کردی ہے۔
ملزم کا تعلق خیبر پختونخوا کے علاقے نوشہرہ سے ہے، عوام علاقہ نے امید ظاہر کی ہے کہ لوگوں کی لوٹی ہوئی رقم ملزم سے برآمد کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ویزاپالیسی کی خلاف ورزی پرملک بدری ہوگی ،ٹرمپ انتظامیہ کا بھارتی شہریوں کو انتباہ