کوئٹہ: بھارت میں قائم یوٹیوب چینل نے جعفر ایکسپریس پر دہشتگردانہ حملے کی تعریف کرتے ہوئے پروپیگنڈہ ویڈیو جاری کردی ہےاس حملے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی تھی۔
بلوچستان لبریشن آرمی ملک میں ریاست مخالف سرگرمیوں کیلئے مشہور کالعدم دہشت گرد تنظیم ہے۔
بی ایل اےجسے بلوچستان میں کام کرنے والے’’ را‘‘ کے فنڈڈ پراکسی گروپ کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے، طویل عرصے سے کئی مہلک کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔
دہشتگرد تنظیم بم دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ، شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے اغوا اور انفراسٹرکچر پر حملوں میں ملوث ہے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ یہ یوٹیوب چینل RAW سے فنڈڈ ہے،گزشتہ برسوں کے دوران بی ایل اے کے کارندوں نے علماء کرام، سرکاری ملازمین اور سکیورٹی فورسز کے ارکان کو نشانہ بنایاہے جس کی ملکی اور بین الاقوامی حلقوں نے مذمت کی ہے۔
سکیورٹی ماہرین تازہ ترین ویڈیو کو بڑی ہائبرڈ جنگی حکمت عملی کے حصے کے طور پر دیکھتے ہیں جو مبینہ طور پر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے غلط معلومات پھیلانے، دہشتگردی کو بڑھاوا دینے اور علیحدگی پسندوں کے جذبات کو ہوا دینے کیلئے اپنائی جا رہی ہے۔
حکومت بھارتی سرزمین سے پھیلائے جانے والے دشمنانہ آن لائن پروپیگنڈے کے معاملے کو اٹھانے کیلئے سفارتی ذرائع سے ہندوستانی حکام کیساتھ رابطے شروع کر رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ غلط معلومات یا پراکسی دہشتگردی کے ذریعے پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: مودی کیخلاف بولنے کی سزا، برطانیہ میں مقیم کشمیری پروفیسرنتاشا کول کی بھارتی شہریت منسوخ