ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ کوئی بھی پاکستان کا پانی روکنے کی ہمت نہیں کر سکتا، اگر بھارت پانی بند کرتا ہے تو پاکستان کے ردعمل کے نتائج برسوں اور دہائیوں تک محسوس کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی کشمیر پالیسی ، جبر اور کشمیر کو اندرونی معاملہ بنانے کی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں ،جب تک ہندوستان بات چیت نہیں کرتاتنازعہ مزید بڑھنے کا خطرہ موجود رہے گا۔
برطانوی میڈیا کے ساتھ ایک انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے پانی کے معاملے پر بھارت پر واضح کر دیا ہے، فوج کو مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے، صرف ایک پاگل ہی زیادہ پانی کو روکنے کا سوچ سکتا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔بھارت جھوٹا بیانیہ بنا کر حقیقت چھپاتا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہندوستان ایسا کرنے کی ہمت نہیں کرے گا،ہمیں امید ہے کہ ایسا وقت نہیں آئے گا، لیکن اگر ایسا ہوتا ہے تو دنیا ہمارے رد عمل کو دیکھے گی، اگر بھارت پاکستان کا پانی بند کر دے تو اس کے نتائج برسوں اور دہائیوں تک محسوس کیے جائیں گے۔
پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ ہم ان وعدوں کی مکمل پابندی کرتے ہیں جو ہم نے کیے ہیں، ہم سیاسی حکومت کی ہدایات کو پوری طرح قبول کرتے ہیں اور ان کے عزم کو برقرار رکھتے ہیں۔
پاکستانی فوج کی جانب سے جنگ بندی جاری رہے گی، فریقین کے درمیان رابطے میں اعتماد سازی کے اقدامات کیے گئے ہیں، اگر کوئی خلاف ورزی ہوتی ہے تو ہمارا جواب ہمیشہ ایسا ہی رہے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ چھٹا ہندوستانی گرنے والا طیارہ میراج 2000تھاہم مزید کارروائی کر سکتے تھے، لیکن تحمل کا مظاہرہ کیا۔
حملوں کے باوجود ہمارے تمام فضائی اڈے مکمل طور پر کام کر رہے ہیں ، پاک فضائیہ کے پاس وسائل ہیں جن سے اڈوں کو فوری طور پر فعال کیا جا سکتا ہے۔