مظفرآباد کے قریب چھتر کلاس کا حسین آبشار، گرمی کی شدت کے ساتھ سیاحوں کا ہجوم بڑھ گیا

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سے صرف چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع چھتر کلاس کے دلکش قدرتی آبشار پر گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی سیاحوں کا رش بڑھنے لگا ہے۔

درجہ حرارت جیسے جیسے بڑھ رہا ہے، ویسے ویسے یہ قدرتی آبشار مقامی شہریوں سمیت پاکستان بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔

دریائے نیلم کے کنارے آزاد کشمیر یونیورسٹی کے سامنے واقع یہ مقام چھتر کلاس کے علاقے میں واقع ہے، جہاں قدرتی آبشار، سبزہ زار پہاڑ، گھنے درخت اور پرامن ماحول سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ لاتے ہیں۔ یہاں بہتی ہوئی شفاف پانی کی دھار، ارد گرد کے سرسبز پہاڑوں سے ٹکرا کر ایک خوشگوار موسیقی سی پیدا کرتی ہے، جو یہاں آنے والوں کواپنے وجد میں کر لیتی ہے۔

یہ آبشار صرف نظارے کے لیے ہی نہیں بلکہ مقامی افراد کے لیے ایک تفریحی مقام کا درجہ بھی رکھتی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چھتر کلاس کا یہ آبشار قدرت کا ایک نایاب تحفہ ہے، جہاں آ کر انسان فطرت کے قریب ہو جاتا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس قدرتی آبشار کی حفاظت اور سہولیات کی بہتری کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں تاکہ سیاح مزید بہتر انداز میں اس حسین مقام سے لطف اندوز ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے ، وطن کی حفاظت مضبوط افواج کے بغیر ممکن نہیں! ننھے شفیق رفیق کا پیغام

واضح رہے کہ چھتر کلاس کا یہ قدرتی نظارہ، مظفرآباد شہر سے محض چند منٹ کی مسافت پر واقع ہے اور یہاں تک پہنچنا نہایت آسان ہے۔ سیاحوں کو تجویز دی جاتی ہے کہ وہ صفائی اور قدرتی حسن کا خاص خیال رکھیں تاکہ یہ خوبصورتی ہمیشہ قائم و دائم رہے۔

Scroll to Top