تین ملک، ایک قوم: آذربائیجان کی سپر مارکیٹ میں پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے پرچموں کی شاندار نمائش

حال ہی میں آذربائیجان کی ایک سپر مارکیٹ میں ایسا منفرد منظر سامنے آیا جس نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ یہ تین ممالک صرف سفارتی دوست نہیں بلکہ “تین ملک، ایک قوم” ہیں۔

دنیا کے نقشے پر تین ممالک ایسے ہیں جنہیں قدرت نے صرف جغرافیہ نہیں، بلکہ دلوں کا رشتہ بھی عطا کیا ہے،تین برادر اسلامی ممالک پاکستان، ترکی اور آذربائیجان، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا گیا کہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کی ایک بڑی سپر مارکیٹ میں سبزیوں اور پھلوں کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا کہ پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے پرچم بن گئے۔ سبز ہلالی پرچم کو ایسے خلوص سے ترتیب دینا صرف ایک تخلیقی نمائش نہیں بلکہ پاکستان کے لیے محبت کا زندہ ثبوت تھا۔یہ اقدام کسی سفارت خانے کی مہم نہیں بلکہ عام شہریوں کی طرف سے محبت کا مظاہرہ تھا۔

گزشتہ دنوں پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات ایک بار پھر کشیدگی کی طرف بڑھے تو ترکی اور آذربائیجان نے پاکستان کی حمایت میں دو ٹوک مؤقف اختیار کیا۔ ترک وزارت دفاع نے خطے میں امن کے قیام پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے مؤقف کو سراہا، جب کہ آذربائیجان نے بھارت کی جارحیت کی شدید مذمت کی اور پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے آذربائیجان کی اس خوبصورت کاوش کو سراہا اور لاکھوں افراد نے ان تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے ترکی اور آذربائیجان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: یہ پاکستان و بھارت کا نہیں بلکہ جابر و مظلوم اقوام کا مسئلہ ہے،سابق چیف جسٹس منظور الحسن گیلانی کا دو ٹوک موقف

ترکی اور آذربائیجان کی پاکستان کے ساتھ کھلی حمایت کے بعد بھارت کی جانب سے ان ممالک کے بائیکاٹ کی خبریں آئیں، لیکن ان خبروں نے پاکستان میں ان برادر ممالک کے لیے محبت کو مزید بڑھا دیا۔ عوامی سطح پر یہ تاثر مزید پختہ ہوا کہ آزمائش کی گھڑی میں جو ساتھ دے وہی اصل بھائی ہوتا ہے۔

پاکستان اور ترکی کے درمیان فری ٹریڈ معاہدہ ہو چکا ہے اور تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف طے پایا ہے۔ اسی طرح آذربائیجان کے ساتھ بھی پاکستان کے فوجی اور تعلیمی شعبے میں تعلقات گہرے ہو رہے ہیں۔ تینوں ممالک کا یہ اتحاد ایک روشن مثال بنتا جا رہا ہے۔

Scroll to Top