پاکستان سے جنگ میں شکست خوردہ بھارت کی جانب سے جھوٹے پروپیگنڈے اور مخالفانہ اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ مودی سرکار نے پاکستان آرمی کی حمایت میں سرگرم متعدد پاکستانی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بھارت میں بلاک کر دیا ہے۔
بھارت حکومت کی جانب سے عالمی سطح پر معروف پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی جانب سے متاثرہ صارفین کو ارسال کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت نے ان اکاؤنٹس کے خلاف قانونی شکایت درج کروائی ہے۔ شکایت میں مؤقف اپنایا گیا کہ یہ اکاؤنٹس بھارت کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جن اکاؤنٹس پر پابندی لگائی گئی، وہ پاکستان آرمی اور قومی دفاعی بیانیے کے حق میں پوسٹس کر رہے تھے۔ ان میں سیاسی شخصیات ،صحافی ، سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اور سابق سیکیورٹی اہلکار وں سمیت دیگر شامل ہیں۔ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین اور انسانی حقوق کی تنظمیوں کی جانب سے اس اقدام کو اظہار رائے کی آزادی پر قدغن قرار دیا گیا اور بھارت کو اس بزدلانہ کاروائی پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ترکیہ مخالف مہم، پاکستانی تاجروں کا ترکیہ کی حمایت میں اہم اعلان
تاہم ایکس انتظامیہ کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی ہے کہ کمپنی کو بھارتی قانون کے تحت صرف بھارت میں مواد کی رسائی روکنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ یہ مواد دنیا کے دیگر حصوں میں بدستور دستیاب رہے گا۔ایکس نے اپنے صارفین کو یقین دلایا ہے کہ وہ آزادی اظہارِ رائے کا احترام کرتا ہے، اور کسی بھی سرکاری درخواست پر کارروائی سے قبل صارف کو مطلع کرنا اس کی پالیسی کا حصہ ہے۔