مظفر آباد ( کشمیر ڈیجیٹل )مظفرآباد میں موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے غیر معیاری دودھ کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری۔
مضر صحت دودھ فروخت کرنے والے دودھ فروشوں پر بھاری جرمانے عائد کرتےہوئے غیر معیاری دودھ موقع پرتلف کردیاگیا۔
زیرو پوائنٹ پر ناکہ لگاتےہوئے دودھ فروشوں سے دودھ کے نمونہ جات حاصل کر کے موقع پر موجود موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب میں فوری جانچ پڑتال کی گئی۔
ٹیسٹنگ رپورٹس میں دودھ میں سکمڈملک پاوڈر کی موجودگی پائی گئی۔ جس پر متعدد دودھ فروشوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔غیر معیاری و غیر رجسٹرڈ گھی و آئل کیخلاف فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کا کریک ڈاؤن
یاد رہے کہ سکمڈ دودھ پاؤڈر کو مختلف ڈیری مصنوعات میں ملاوٹ کے طور پر استعمال کیا جا تا ہے، جسے تازہ دودھ میں شامل کرنےسےاس کے ٹھوس مواد کو بڑھایاجاتاہے ۔
اس طرح منافع کے مارجن میں اضافہ ہوتا ہے ، ایس ایم پی کے ساتھ ملاوٹ دودھ کی مصنوعات کے غذائی مواد، ذائقہ اور معیار کو متاثر کر سکتی ہے۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد،جہلم ویلی ابرار احمد میر نے کہا کہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔
اس مقصد کے لیے کریک ڈاؤن کا دائرہ مزید وسیع کر د یا ہے ،ناقص اور غیر معیاری دودھ فروشوں کیخلاف فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کر د یا ہے۔
ملاوٹ سے پاک معیاری دودھ کی فراہمی یقینی بنائیں گے،شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں فوڈ اتھارٹی کے دئیے گئے نمبر 1280پر رپورٹ کریں فورا کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔