فاروق حیدر

یوم فتح ہر سال جوش وجذبے سے منائیں گے،پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، فاروق حیدر

لیپہ ویلی مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ یوم فتح ہر سال جوش و جذبے سے منائیں گے ہندوستان کو شکست تاریخی لمحہ ہے۔

جنرل عاصم منیر، جنرل ساحر شمشاد سے لیکر ایک ایک سپاہی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اپنی زیر قیادت لائن آف کنٹرول وادی لیپہ میں منعقدہ پاک فوج زندہ باد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی،شرکاء نے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان، پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے،راجہ محمد فاروق حیدر خان نے افواج پاکستان کے جوانوں سے ملاقات کی،شاندار کامیابی پر پاک فوج کے جوانوں کو مٹھائی کھلائی۔

سابق وزیراعظم آزادکشمیر نے خود بھی نعرے لگوائے،عوام کا جذبہ دیدنی تھا،راجہ فاروق حیدر خان نے مزید کہا کہ بری فوج،پاک بحریہ،پاک فضائیہ نے ہندوستان کا غرور خاک میں ملا کرتاریخ رقم کی ہے۔

لیپہ ویلی سمیت لائن آف کنٹرول پر بسنے والے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں وہ ہندوستان کی فائرنگ کے باوجود ڈٹے رہے،یہ سیز فائر لائن عارضی ہے ہم اسے مستقل سرحد تسلیم نہیں کرتے اور نہ ہی کبھی کریں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں ۔افواجِ پاکستان کی تاریخی فتح پر آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں یومِ تشکرمنایا گیا

اس موقع پر سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے پاک فوج کے شہدا کی یادگار اور فاتح لیپہ کرنل حق نوازکیانی شہید کی یادگار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

دریں اثناء سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے حلقہ لچھراٹ کے علاقے کلر میں انسپکٹر ریٹائرڈ سکندر مرزا کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی اب دنیا بھر کے نصاب میں پڑھائی جائیگی کہ کس طرح اللہ تعالی کے خاص کرم و فضل سے جدید ترین ٹیکنالوجی اور مہارت کا استعمال کرتے ہوئےپاک فوج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دیکر دنیا کو حیران کردیا ۔

یہ سوائے رب کریم کی مدد کے کسی صورت بھی ممکن نا تھا جنرل عاصم منیر اور پاک فضائیہ، بحریہ کے سربراہان نے نماز فجر ادا کرکہ دشمن پر حملے کا آغاز کیا اور رب العزت نے کامیابی عطا فرمائی ۔

سکندر مرزا جیسے لوگ معاشرے کی تقدیر بدلنے اور عوامی خدمت کی مثال قائم کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ دو دنوں کی جنگ نے تاریخ تبدیل کردی اور دنیا کے اندر ایک مظبوط اور طاقتور پاکستان کا تصور اجاگر کیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں ۔بنیان مرصوص : حکومت پاکستان کابروز جمۃ المبارک قومی سطح پر یوم تشکر منانے کا اعلان

افواج پاکستان ہمارا فخر ہیں یہ کامیابی رب العزت کی خصوصی مہربانی اور مدد سے ممکن ہوئی مسلمانوں نے جنگیں کبھی اسباب اور وسائل سے نہیں جیتیں بلکہ تائید ایزدی سے یہ کامیابی ممکن ہوئی آج پوری قوم سجدہ شکر بجا لاتی ہے کہ ذات کبریا نے ہماری مسلح افواج کو یہ ہمت اور توفیق عطا کی کہ اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست فاش ہوئی ۔

جس نے خطے کے اندر توازن قائم کیا وزیراعظم پاکستان اور وزارت خارجہ نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مقدمہ انتہائی موثرانداز میں لڑا ہندوستان کو سفارتی محاذپر منہ کی کھانی پڑی آج مودی زخم چاٹ رہا ہے

اس موقع پر سابق چیف جسٹس چوہدری ابراہیم ضیاء،سابق وزراءسید مرتضی گیلانی،ڈاکٹر مصطفی بشیر ،ڈاکٹر عارف،نمبردار چوہدری صدیق،آصف یعقوب،جاوید چوہدری میاں سلیم ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

Scroll to Top