ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی ایشیاء کو بڑےسانحہ سے بچا لیا، امن کیلئے انکی کاوشوں کو سراہتے ہیں،صدر آزادکشمیر

اسلام آباد: صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن کیلئے امریکہ کی کوششیں بالخصوص امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بروقت مداخلت سے جنوبی ایشیاء ایک بڑے سانحہ سے بچ گیا ہے۔

کشمیری امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امن کیلئے کوششوں کو سراہتے ہیں ،انہوں نے مسئلہ کشمیر پر انڈیا اور پاکستان کو ثالثی کی پیشکش کی ہے اور ہم اُن کی اس پیشکش کا تہہ دل سے خیر مقدم کرتے ہیں۔

امریکی سفارتخانے کے پولیٹیکل قونصلر زیچرے ہرکنرائیڈرسے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ بھارت بوکھلاہٹ میں کسی بھی حد تک جا سکتا ہے لہذا یہ سیز فائر مستقل ہوناچاہیے تاکہ ایٹمی جنگ سے بچا جا سکے

امریکہ بھارت پر زور دے اور امریکہ اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور خطے میں امن کے قیام اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی کوششیں تیز کرے۔ کیونکہ جنوبی ایشیاء میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے۔

اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود نے امریکن سفارتخانے کے اعلیٰ عہدیداران کو مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اس وقت بوکھلاہٹ میں کوئی بھی غیر سنجیدہ حرکت کر سکتا ہے کیونکہ پاکستان او ربھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے

صدر آزادکشمیرنے کہا کہ ہم امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے بھی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے بھی اس سلسلے میں اہم کردار ادا کیا۔

بیرسٹر سلطان نے کہا کہ امریکہ مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کرے اور اس سلسلے میں کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا رول ادا کرے۔

یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت کے کشمیر پر مذاکرات میں کشمیریوں کو بھی بٹھایا جائے، بیرسٹر سلطان

Scroll to Top