ابوظہبی میں امریکی صدر سے ہونے والی ملاقات کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے اعلان کیا کہ ان کا ملک آئندہ دس سالوں میں امریکہ میں 1.4 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ کاری ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور توانائی جیسے شعبوں میں کی جائے گی۔ان کے ہمراہ موجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو تاریخ کے بہترین دور میں قرار دیا۔
شیخ محمد بن زاید کا کہنا تھا کہ امریکہ کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی شراکت داری ایک نئی بلندی کو چھو رہی ہے اور صدر ٹرمپ کی قیادت میں یہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں ان کا ملک امریکہ کے ساتھ مل کر خطے میں امن اور استحکام کے لیے کام کرتا رہے گا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے اس موقع پر شیخ محمد بن زاید کو ایک عظیم جنگجو اور بصیرت رکھنے والا رہنما قرار دیا اور کہا کہ ہماری شراکت داری اتنی شاندار ہے کہ اس سے بہتر ممکن ہی نہیں
۔ ہم مل کر دنیا میں امن کے لیے کوشش کر رہے ہیں اور یہ سرمایہ کاری دونوں اقوام کے لیے خوش آئند ہے۔متحدہ عرب امارات نے صدر ٹرمپ کو اپنے سب سے اعلیٰ شہری اعزاز آرڈر آف زاید سے بھی نوازا جو ان کی خدمات اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے میں کردار کا اعتراف ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ابوظہبی کا دورہ ان کے خلیجی ریاستوں کے دورے کا آخری مرحلہ تھا، وہ سعودی عرب اور قطر میں بھی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل کی مصنوعات بھارت میں بنوانے میں قطعی کوئی دلچسپی نہیں، امریکی صدر ٹرمپ کا مودی کو جھٹکا