اسلام آباد، مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)حکومت پاکستان نے پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے اور معرکہ حق میں تاریخی فتح پرآزادکشمیرسمیت ملک بھر میں 16 مئی 2025ء کویو م تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔
یوم تشکر کے موقع پر دن کا آغاز مسجدوں میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے کیا جائے گا۔ آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد، وفاقی درالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ پرچم کشائی کی تقریبات وفاقی اور صوبائی دارالحکومت میں منعقد کی جائیں گی۔
ملک بھر میں یادگار شہداء پر پھول رکھے جائیں گے اور دعائیہ تقریب منعقد ہو گی۔ آپریشن بنیان مرصوص کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں کی جائیں گی۔ یوم تشکر کی بڑی تقریب کل رات پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ تقریب میں تمام مکاتب فِکرسے اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ اور مہمان خصوصی وزیراعظم محمد شہباز شریف ہوں گے جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہ بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔
حکومتی احکامات کے مطابق آزادکشمیر کے تمام تعلیمی اداروں میں یوم تشکر منانے کا اعلان کیا گیا ہے ، یوم تشکر کے موقع پر دعائیہ تقریب کیساتھ تاریخی لمحات کو عوام الناس کے سامنے پیش کیاجائےگا۔
محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن آزاد کشمیر کے زیر انتظام جملہ سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی ادارہ جات میں مورخہ 16 مئی 2025 بروز جمعہ خصوصی تقاریب و سیمینارز کے علاؤہ پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کرنے کی ہدایت جاری۔
معرکۂ حق: فرانسیسی میڈیا کا پاکستان کی واضح برتری اور بھارت کی شکست کااعتراف