وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی معرکہ حق ریلی میں شرکت، افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی

حویلی کہوٹہ : وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے لائن آف کنٹرول کے حساس علاقے حویلی اوسی میں معرکۂ حق ریلی میں شرکت کی اور افواج پاکستان سے مکمل اظہار یکجہتی کیا۔

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر انجینئر امیر مقام  نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں اور 25 کروڑ پاکستانی عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے عوام فرنٹ لائن کے وہ مجاہد ہیں جو افواج پاکستان کے ساتھ مل کر ملک کا دفاع کر رہے ہیں۔ انہوں نے ریلی کے شرکاء کو بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے بھارتی گولہ باری سے شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اوران کا کہنا تھا کہ  وزیر اعظم نے شہداء کے لواحقین کے لیے ایک کروڑ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے بیس لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ متاثرہ گھروں کی مالی معاونت اور زخمیوں کے مفت علاج کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے بعد چین کا کرارا وار، بھارت کو ایک اور جھٹکا

اپنے خطاب میں امیر مقام نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج نے دنیا بھر میں ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کو دلیر کمانڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ پاکستانی اور کشمیری قوم اپنے محافظوں کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

Scroll to Top