لوکل کونسل کے معاملات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس مورخہ 6 مئی کو کشمیر ہاؤس اسلام آباد کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
اس اجلاس میں آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے سب سے سینئر وزیر اور وزیر بلدیات و دیہی ترقی نے شرکت کی۔ اس موقع پر لوکل کونسل کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
اجلاس میں شرکاء کو حکومت کی جانب سے فراہم کردہ 1600 ملین روپے کے ترقیاتی فنڈز کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ فنڈز کی تقسیم کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی جس کے نتیجے میں فنڈز کی منصفانہ تقسیم کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔
مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ مختلف بلدیاتی اداروں کو ان کی نوعیت کے مطابق مالی وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ تجویز کے مطابق ہر یونین کونسل کے وارڈ کو 4 لاکھ روپے، ضلع کونسل کے وارڈ کو 18 لاکھ روپے، ٹاؤن کمیٹی کے وارڈ کو 7 لاکھ روپے، میونسپل کمیٹی کے وارڈ کو 8 لاکھ روپے اور میونسپل کارپوریشن کے وارڈ کو 12 لاکھ روپے مختص کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ہمیں متحد اور منظم ہو کر مسلح افواج کا ساتھ دینا ہو گا: وزیراعظم آزاد کشمیر
یہ فنڈز بلدیاتی اداروں کو ترقیاتی کاموں کے لیے جاری کیے جائیں گے تاکہ مقامی سطح پر ترقی کو تیز کیا جا سکے اور بلدیاتی نمائندے اپنی ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے انجام دے سکیں۔