ہمیں متحد اور منظم ہو کر مسلح افواج کا ساتھ دینا ہو گا: وزیراعظم آزاد کشمیر

کوٹلی : وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ ہمیں اجتماعی طور پر متحد اور منظم ہو کر مسلح افواج کا ساتھ دینا ہو گا۔ میرے ذاتی خیال میں مودی کو جس ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے، وہ چین سے نہیں بیٹھے گا، اس کے لیے ہمیں تیار رہنا ہو گا۔

ریسٹ ہاوس کوٹلی میں کنٹرول لائن کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ننگی جارحیت کے خلاف پوری قوم نے حکومت پاکستان اور مسلح افواج کے ساتھ مل کر جو منہ توڑ جواب دیا، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ الحمد للہ میرے الفاظ کا پاس رہا ہے، جس میں میں نے کہا تھا کہ اگر مودی باز نہ آیا تو دہلی سے کشمیر تک گھس کے ماریں گے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین کنٹرول لائن کی مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہوں، انسانی جان کا تو کوئی نعم البدل نہیں، لیکن ان کے معاوضے فوری طور پر پہنچا دیے گئے ہیں۔ کنٹرول لائن پر نقصانات کا خود جائزہ لیا ہے اور وفاقی حکومت سے درخواست کی ہے کہ معاوضہ بڑھایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو اپنے تمام تصفیہ طلب مسائل پر بھارت کے ساتھ دوٹوک بات کرنی چاہیے، غلام اللہ اعوان

انہوں نے مزید کہا کہ ایک کروڑ روپے معاوضے کی خبر فی الحال سوشل میڈیا تک محدود ہے، ہمیں کوئی تحریری نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا، البتہ آج وفاقی حکومت سے اس حوالے سے بات چیت ہو گی۔ نکیال، کھوئ رٹہ اور ایل او سی کے دیگر مقامات پر نقصانات کو خود دیکھا ہے، متاثرین کے علاج معالجے اور معاوضوں کی فوری ادائیگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

Scroll to Top