ہیٹ ویو الرٹ! شدید گرمی میں دی گئی احتیاطی تدابیر ضرور اپنائیں

ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے اور محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران پاکستان کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر ،جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جسے موسمیاتی اصطلاح میں “ہیٹ ویو” کہا جاتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث بالائی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب ماہرین صحت نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ اس شدید گرمی کے اثرات انسانی صحت پر خطرناک حد تک اثر انداز ہو سکتے ہیں، خاص طور پر بچوں، بزرگوں، حاملہ خواتین اور دائمی امراض میں مبتلا افراد کے لیے یہ کافی خطرناک ہے۔

ہیٹ ویو سے بچاؤ: اہم احتیاطی تدابیر:
شدید گرمی سے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے چند بنیادی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے۔ سب سے پہلے، اپنے جسم کو ہائیڈریٹ رکھیں۔ گرمی کے موسم میں صرف پیاس لگنے پر نہیں بلکہ وقفے وقفے سے پانی پینا چاہیے۔ اس کے علاوہ لیموں پانی، نمکول اور تازہ جوسز کا استعمال بھی فائدہ مند ہے۔

کپڑوں کے انتخاب میں احتیاط برتیں۔ ہلکے رنگ، کھلے اور سوتی کپڑے پہنیں تاکہ جسم سے حرارت بآسانی خارج ہو سکے۔ باہر جاتے وقت چھتری، ٹوپی اور دھوپ کا چشمہ استعمال کریں اور اگر ممکن ہو تو سن اسکرین کا بھی استعمال کریں تاکہ جلد محفوظ رہے۔

صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک سورج کی تیز دھوپ سے بچنا انتہائی اہم ہے۔ اس دوران گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں، خصوصاً بچے، بزرگ اور بیمار افراد باہر جانے سے گریز کریں۔ اگر باہر جانا ناگزیر ہو تو وقفے وقفے سے سایہ دار جگہوں پر آرام ضرور کریں۔

گھر کو ٹھنڈا کیسے رکھیں؟
ہیٹ ویو کے دوران گھروں کو ٹھنڈا رکھنا بھی بہت ضروری ہے۔ کھڑکیاں اور دروازے اس وقت بند رکھیں جب باہر شدید گرمی ہو۔ پردوں کو استعمال کریں تاکہ دھوپ اندر نہ آسکے۔ اگر ممکن ہو تو پنکھے، ایگزاسٹ فین یا دیگر کولنگ آلات کا استعمال کریں۔

یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم: شاہکوٹ سیکٹر پر بھارتی فائرنگ، خاتون شہید، متعدد مکانات تباہ

رات کے وقت جب بھی ممکن ہو، کمرے کی ہوا کی نکاسی کریں تاکہ ٹھنڈی ہوا داخل ہو سکے۔ جن علاقوں میں لوڈشیڈنگ عام ہو وہاں متبادل بجلی یا پانی کے انتظامات پہلے سے کر لینا دانشمندی ہوگی۔

کن چیزوں سے پرہیز کریں؟
ہیٹ ویو کے دوران چند اہم غلطیوں سے بچنا بھی نہایت ضروری ہے۔ کبھی بھی کسی کو بند گاڑی میں نہ چھوڑیں، خاص طور پر بچے یا بزرگ۔ بند گاڑی کا درجہ حرارت چند منٹ میں خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔

کیفین والے مشروبات جیسے چائے، کافی یا انرجی ڈرنکس سے گریز کریں کیونکہ یہ جسم سے پانی کی کمی کو بڑھاتے ہیں۔ دھوپ کے وقت میں ورزش یا مشقت والے کاموں سے بھی پرہیز کریں کیونکہ یہ جسمانی دباؤ اور ہیٹ اسٹروک کا سبب بن سکتے ہیں۔

ہیٹ اسٹروک کی علامات اور فوری اقدامات:
ہیٹ اسٹروک ایک جان لیوا حالت ہے جس میں جسم کا درجہ حرارت حد سے زیادہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کی علامات میں تیز بخار، چکر آنا، ذہنی الجھن، متلی اور جلد کا رنگ بدل جانا شامل ہیں۔ ایسی صورت میں مریض کو فوری طور پر ٹھنڈی جگہ پر منتقل کریں، جسم پر گیلا کپڑا رکھیں اور فوری طور پر ایمبولینس یا 1122 پر کال کریں۔

Scroll to Top