وادی نیلم: شاہکوٹ سیکٹر پر بھارتی فائرنگ، خاتون شہید، متعدد مکانات تباہ

وادی نیلم کے شاہکوٹ سیکٹر پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک خاتون شہید ہو گئی جبکہ کئی رہائشی مکانات بری طرح متاثر ہوئے۔ مقامی آبادی کے مطابق بھارتی افواج نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں کئی خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے فوری مدد کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک متاثرہ شخص نے کہاکہ بمشکل جان بچا کر بنکر میں پناہ لی ابھی فی الحال ہم کھلے آسمان کے نیچے ہیں ، گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ حکومت ہمیں معاوضہ دے تاکہ ہم اپنے مکانات دوبارہ تعمیر کر سکیں۔ ضلعی انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کرے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ عوامی حلقوں نے اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتِ حال کا نوٹس لیں اور نہتے شہریوں کی حفاظت یقینی بنائیں۔

Scroll to Top