مظفرآباد: پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی جانب سے پاک فوج کی حمایت اور شجاعت کو سلام پیش کرنے کے لیے ریلیوں کا سلسلہ گزشتہ چار روز سے مسلسل جاری ہے۔ مظفرآباد سے ہٹیاں، چناری پھر چکوٹھی تک نکالی گئی اس ریلی میں سینکڑوں افراد شریک ہوئے۔
ریلی کی قیادت اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، وزیرِ حکومت بیزل نقوی، سردار مبارک حیدر اور دیگر وزراء نے کی۔
شرکاء “پاکستان زندہ باد”، “پاک فوج زندہ باد”، “پاک فوج قدم بڑھاؤ ہم تمھارے ساتھ ہیں” اور “نعرۂ تکبیر اللہ اکبر” کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے جبکہ عوام کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔ مظفرآباد کی فضائیں مسلسل نعروں سے گونجتی رہیں۔
اس موقع پر اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہا: “پاکستانی افواج نے جس طرح ہندوستان کو دھول چٹائی ہے، اب ان کی دوبارہ ہمت نہیں۔ اگر بھارت نے پھر کوئی احمقانہ حرکت کی تو اُسے پہلے سے زیادہ منہ توڑ جواب ملے گا۔”
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے عوامی آگاہی مہم کا آغاز،عوام میں ہیلمٹ تقسیم
وزیرِ حکومت نے اپنے خطاب میں کہا: “ہندوستان ایک جھوٹا ملک ہے۔ اگر اُس نے دوبارہ کوئی ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو ہمیں پاک فوج کی صلاحیتوں پر مکمل یقین اور سو فیصد اعتماد ہے۔ ان شاءاللہ، اس بار بھارت کو پہلے سے کہیں زیادہ منہ کی کھانی پڑے گی۔”