مظفرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے عوامی آگاہی مہم کا آغاز،عوام میں ہیلمٹ تقسیم

مظفرآباد : موٹر سائیکل حادثات کی روک تھام کے لیے مظفرآباد ٹریفک پولیس نے ہیلمٹ آگاہی مہم کا آغاز کر دیا۔ ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر رضوان ڈار نے شہریوں میں مفت ہیلمٹ تقسیم کیے اور ان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

تفصیلات کے مطابق، آئی جی پولیس رانا عبدالجبّار کے ویژن اور ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر رضوان ڈار کی قیادت میں ٹریفک پولیس کی جانب سے نیو سیکریٹریٹ چتر مظفرآباد میں موٹر سائیکل سواروں میں مفت ہیلمٹ اور پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رضوان ڈار نے کہا کہ تیز رفتاری اور ون ویلنگ انسانی جانوں کے لیے نہایت خطرناک ہیں، جبکہ ہیلمٹ کے بغیر ہونے والی سر کی چوٹیں اکثر موت کا سبب بنتی ہیں۔ انہوں نے موبائل فون کے استعمال کو دوران ڈرائیونگ “موت کو دعوت دینے” کے مترادف قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیمتی جانوں کو بچانے کے لیے احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ناگزیر ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کی خصوصی ہدایت پر شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے ٹریفک اہلکاروں میں ہیٹ کیپس بھی تقسیم کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم میں برڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے فرسٹ ایڈ کٹس کی تقسیم

یاد رہے کہ اس سے قبل نیلم ٹریفک پولیس کی جانب سے بھی ہیلمٹ سے متعلق آگاہی مہم چلائی گئی تھی، جس کا مقصد نیلم کے باسیوں اور موٹر سائیکل سواروں میں شعور اجاگر کرنا تھا۔ یہ مہم روڈ سیفٹی بہتر بنانے کی ایک وسیع تر حکمت عملی کا حصہ تھی۔ مہم کے دوران، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کو روکا گیا اور انہیں ہیلمٹ کی جان بچانے والی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ حکام کے مطابق مہم کا پہلا مرحلہ صرف آگاہی پر مبنی تھا، جس کے بعد حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی کی جائے گی۔

نیلم پولیس کی اس مہم کا خاص ہدف نوجوان موٹر سائیکل سوار تھے جو اکثر حفاظتی اقدامات کو نظرانداز کرتے ہیں۔ افسران نے ہیلمٹ کے استعمال کو نہ صرف ایک احتیاطی قدم بلکہ عوامی سلامتی کے لیے ایک قانونی ذمہ داری قرار دیا۔

Scroll to Top