اوٹاوا: کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی نے اپنی نئی کابینہ میں رکنِ پارلیمنٹ شفقت علی کو شامل کر لیا، وہ پہلے پاکستانی نژاد کینیڈین وفاقی وزیر بن گئے ہیں۔
برامپٹن سے دوسری مرتبہ منتخب ہونے والے ایم پی شفقت علی نے اوٹاوا میں اپنے عہدے کا باضابطہ حلف اٹھا لیا۔ ان کی تقرری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب نئی حکومت نے متعدد وزارتوں میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے سابق وزراء کو کابینہ سے فارغ کر دیا ہے۔ ٹریژری بورڈ کی سربراہی پہلے جینیٹ پیٹی پاس ٹیلر کے پاس تھی، جنہیں اس بار کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا۔
کینیڈا کی ویب سائٹ اوٹاوا سیٹیزن ڈاٹ کام کے مطابق وزیرِ اعظم مارک کارنی نے اپنے پہلے بڑے اقدام کے طور پر کابینہ کی تشکیل نو کرتے ہوئے وزراء کی تعداد 39 سے کم کر کے 29 کر دی ہے۔ اس نئے سیٹ اپ میں کئی دلچسپ فیصلے سامنے آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مسئلہ کشمیر کا حل ہی پائیدار امن کی ضمانت ہے، امریکہ ثالثی کردار ادا کرے: کشمیری عوام کا مطالبہ
معروف ٹی وی اینکر اور سیاسی تجزیہ کار ایون سولومن کو کینیڈا کی تاریخ کی پہلی “مصنوعی ذہانت” (AI) کی وزارت سونپ دی گئی ہے۔اسی طرح سابق وزیرِ خارجہ میلانیا جولی کو ان کی چار سالہ خدمات کے بعد وزارتِ خارجہ سے ہٹا کر صنعتی امور کی ذمہ داری دی گئی ہے، جبکہ ان کی جگہ انیتا آنند کو نیا وزیرِ خارجہ بنایا گیا ہے۔