مظفرآبادچنار اسکول میں بچوں کو ایمرجنسی سے نمٹنے کیلیے شہری دفاع کی ٹریننگ دی گئی

دارالحکومت مظفرآباد میں شہری دفاع کی جانب سے چنار اسکول آف لرننگ میں ایک اہم تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبا و طالبات کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی عملی تربیت فراہم کی گئی۔

اس تربیت کا مقصد بچوں کو ابتدائی طبی امداد (فرسٹ ایڈ) اور ریسکیو تکنیکوں سے روشناس کرانا تھا تاکہ وہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری ردعمل دے سکیں۔

تربیتی سیشن میں بچوں کو مریضوں کو محفوظ طریقے سے ریسکیو کرنے، زخموں کی ابتدائی مرہم پٹی کرنے اور ذہنی طور پر مضبوط رہنے جیسے موضوعات پر تربیت دی گئی۔ شہری دفاع انسٹرکٹر کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرام نہ صرف بچوں کے اعتماد میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ یہ انہیں کسی بھی ایمرجنسی میں گھبراہٹ کے بجائے فوری عملی قدم اٹھانے کے قابل بناتے ہیں۔

سیشن کے دوران انسٹرکٹرز نے بچوں کو یہ بھی سمجھایا کہ ملک کی سالمیت اور دفاع صرف فوجی محاذ پر ہی نہیں بلکہ عام شہریوں کی تیاری اور شعور سے بھی جُڑا ہے۔ بچوں کو بتایا گیا کہ جیسے ہماری افواج دشمن کے دانت کھٹے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، ویسے ہی ملک کا ہر فرد چاہے وہ طالبعلم ہو یا عام شہری اگر شہری دفاع کی تربیت حاصل کرے تو کسی بھی آفت یا جنگی صورتحال میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معرکۂ حق: حالیہ جھڑپوں میں 11 فوجی اور40 شہری شہید، پاک فوج کا تفصیلی بیان جاری

انسٹرکٹرز نے اس بات پر زور دیا کہ “شہری دفاع ہر فرد کے لیے ضروری ہے” اور فرسٹ ایڈ کی بنیادی تربیت ہر پاکستانی کو آنی چاہیے تاکہ کسی بھی حادثے یا قدرتی آفت کی صورت میں فوری مدد ممکن ہو سکے۔

والدین اور اسکول انتظامیہ نے شہری دفاع کی اس کوشش کو سراہا اورکہا کہ بچوں کو چھوٹی عمر سے ایسی تربیت دینا نہایت خوش آئند قدم ہے جو انہیں نہ صرف محفوظ رکھے گا بلکہ انہیں مستقبل کا ذمہ دار شہری بنانے میں بھی مدد دے گا۔

Scroll to Top