گڑھی دوپٹہ : آزاد کشمیر کے علاقے گڑھی دوپٹہ میں دچھور میراں کے مقام پر “پاک فوج زندہ باد” کے عنوان سے ریلی نکالی گئی جس میں تاجروں، سرکاری ملازمین، بچوں، نوجوانوں اور عوام علاقہ کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔
شرکاء نے “کشمیربنے گا پاکستان” اور “پاک فوج زندہ باد” جیسے فلک شگاف نعرے لگائے، جبکہ ریلی میں پاکستان کی حالیہ کامیابیوں پر اظہارِ تشکر کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر وطنِ عزیز کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
ریلی میں عوامی جوش و خروش دیدنی تھا، جہاں ہر عمر کے شہریوں نے افواجِ پاکستان سے اپنی والہانہ وابستگی کا اظہار کیا۔ بچوں کی شرکت اور حب الوطنی کے نعرے اس بات کا ثبوت تھے کہ قوم ہر سطح پر اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آپریشن بنیان مرصوص مکمل، 22 اپریل تا 10 مئی کے حالات کو ’’معرکہ حق‘‘ قرار دے دیا گیا
یہ ریلیاں پاک فوج کے اعزاز میں نکالی جا رہی ہیں ، پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر دشمن کی اشتعال انگیزی کا دندان شکن جواب دیا۔”آپریشن بنیان مرصوص” کی تاریخی کامیابی کے بعد عوامی سطح پر افواجِ پاکستان کے حق میں جذبات کا سیلاب امنڈ آیااور ہر شہر، ہر بستی سے افواج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔