پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے کاروباری ہفتے کا آغاز دھماکے دار انداز میں کیا، جہاں مارکیٹ میں زبردست تیزی نے سرمایہ کاروں کے حوصلے بلند کر دیے۔
مثبت معاشی اشاریوں، آئی ایم ایف سے متعلق پُرامید خبریں اور سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری نے مارکیٹ کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
تفصیلات کے مطابق کاروبار کے آغاز پر ہی100 انڈیکس میں 2700 پوائنٹس کا تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے ساتھ ہی انڈیکس 1 لاکھ 20 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔ یہ اضافہ حالیہ برسوں میں اسٹاک مارکیٹ کی بہترین کارکردگی میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں، مالیاتی نظم و ضبط اور آئی ایم ایف پروگرام کی کامیابی کے امکانات نے سرمایہ کاروں میں اعتماد پیدا کیا ہے۔ یہی اعتماد مارکیٹ میں تیزی کے رجحان کو تقویت دے رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر یہی رفتار برقرار رہی تو مستقبل قریب میں مارکیٹ مزید مستحکم ہو سکتی ہے جو ملکی معیشت کے لیے ایک خوش آئند اشارہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آپریشن بنیان مرصوص مکمل، 22 اپریل تا 10 مئی کے حالات کو ’’معرکہ حق‘‘ قرار دے دیا گیا
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ تیزی نہ صرف مقامی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی متوجہ کر سکتی ہےجو کہ مارکیٹ میں مزید استحکام کا باعث بنے گی۔