کوٹلی، مظفرآباد وادی لیپہ ،آزاد کشمیر بھر میں “پاک فوج زندہ باد” کے نام سے شاندار ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے بھرپور شرکت کی۔
یہ ریلیاں افواجِ پاکستان کے ساتھ والہانہ یکجہتی کا اظہار اور دشمن کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں کا جشن منانے کے لیے نکالی گئیں۔
کوٹلی:
کوٹلی میں جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے زیرِ اہتمام “پاک فوج زندہ باد” ریلی پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس سے شروع ہو کر شہید چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت وزرائے کرام ظفر ملک، چوہدری محمد اخلاق، جاوید بڈھانوی، عامر یاسین، اور کشمیر کونسل کے ممبران حنیف ملک، سردار عبدالرزاق، ملک نواز نے کی۔ اس ریلی میں تاجر برادری، طلباء، خواتین، سیاسی کارکنان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ریلی کے دوران “پاک فوج زندہ باد” اور “پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے پورا شہر گونج اٹھا۔ عوام نے اپنی حب الوطنی کا بھرپور اظہار کیا اور خاص طور پر 200 فٹ لمبے پاکستانی پرچم نے تمام شرکاء کی توجہ کا مرکز بن کر ملک سے وابستگی ظاہر کی۔
مظفرآباد:
مظفرآباد میں بھی شاہ سلطان برج پر “پاک فوج زندہ باد” کے عنوان سے ریلی نکالی گئی۔ اس میں سول سوسائٹی، وکلاء اور ٹرانسپورٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاکستانی افواج کی کامیابیوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ شرکاء نے بھرپور جذبے سے “پاک فوج زندہ باد” اور “پاکستان زندہ باد” کے نعرے لگائے اور افواجِ پاکستان کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ آپریشن “بنیان مرصوص” تاریخ کی بڑی کامیابی پر “پاکستان زندہ باد” ریلی ،ایپکا ملازمین اتحاد آزاد کشمیر اور آگیگا آزاد کشمیر کے زیرِ اہتمام نکالی گئی جو ڈسٹرکٹ کمپلیکس مظفرآباد سے شروع ہو کر دومیل پل پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت پرویز احمد قریشی اور سید وقاص علی گیلانی نے کی۔ ریلی میں شریک ملازمین نے “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے نعرے لگائے اور اپنے جذبے کا بھرپور اظہار کیا۔ ریلی کے اختتام پر ملازمین نے پاک فوج کے جوانوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، اور پاک فوج کے ساتھ اپنی یکجہتی اور محبت کا اظہار کیا۔
وادی لیپہ:
وادی لیپہ میں بازار لیپہ میں “بنیان مرصوص” آپریشن کی کامیابی پر اظہارِ تشکر کے لیے عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ شرکاء نے پاک فوج، آرمی چیف اور لیپہ گارڈ کے کمانڈنگ آفیسر کے حق میں نعرے لگائے۔ کمانڈنگ آفیسر پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور انہیں مبارکباد دی گئی۔ “پاک فوج زندہ باد” اور “پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے پورا علاقہ گونج اٹھا۔ ممبر ضلع کونسل لیپہ، بشیر عالم اعوان نے کہا کہ ہم پوری وادی لیپہ کی طرف سے بنیان مرصوص آپریشن کی کامیابی اور دشمن کو گھس کر مارنے پر پاک فوج، آرمی چیف، لیپہ گارڈ کے کمانڈر اور تمام جوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جنگ بندی ، پاک بھارت اعلیٰ عسکری قیادت کا آج اہم رابطہ متوقع
شرکا کا کہنا تھا کہ سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستانی فوج نے دشمن کے تمام عزائم کو ناکام بناتے ہوئے دشمن کو سرپرست ہونے کا سبق دیا۔ صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر، شاہ غلام قادر نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “پاک فوج کی شجاعت اور قیادت کی بدولت بھارت کی تمام کوششیں ناکام ہو چکیں، اور وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے پیدا کیے گئے حالات پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کر کے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان ہمیشہ امن کے راستے پر یقین رکھتا ہے، مگر جب بھی ضرورت پڑی وہ اپنے دفاع کے لیے پوری قوت سے لڑنے کے لیے تیار ہے۔