کوٹلی شہید چوک میں شمعیں روشن،افواج پاکستان نے شہداء کا بدلہ لے لیا، وزیر تعلیم کالجز

کوٹلی : بھارت کی جارحیت کا نشانہ بننے والے معصوم و نہتے ننھے عمر موسیٰ ،مصباح کوثر،احتشام ارشد ،زمل فاطمہ سمیت جملہ شہدا ء کی یاد میں شہید چوک کوٹلی میں بچوں ،خواتین ،تاجروں ،صحافیوں سمیت عام شہریوں کی طرف سے شمعیں روشن کی گئیں اور شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی گئی ۔

وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک ،ڈپٹی کمشنر میجر( ر) ناصر رفیق،اے ڈی سی فیض عالم،ڈی ای او سید جمشید بخاری ڈی ای او سعیدہ عندلیب ،ڈی ایف سی منور احمد چوہان و دیگر نے بھی شمعیں روشن کیں۔

اس موقع پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وزیر ہائرایجوکیشن ظفر اقبال ملک نے کہا کہ شام ہم شہید بچوں اور دیگر شہدا کے نام کرتے ہیں پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے ان معصوم شہدا کی جانوں کا کئی گنا کرکے بدلہ لے لیا ہے۔

انہوں نے شہدا کو خراج عقیدت اور مسلح افواج کی بے مثال فتح پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ہماری فضائیہ اور بری فوج نے ہندوستان کا غرور خاک میں ملایا اس بات پر وہ مبارکباد کی مستحق ہیں۔ قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔

وزیر ہائر ایجو کیشن نے کہا کہ ہندوستان ایک مکار اور عیار ملک ہے جو دہشتگری کا الزام دوسروں پر لگاتا ہے جبکہ وہ خود ایک دہشتگرد ملک ہے جس کی مثال گزشتہ چار دنوں میں اس نے معصوم بچوں،خواتین و نہتے افراد کو ٹارگٹ کرکے ثابت کی ہے۔

انہوں نے دنیا کے مہذب ممالک پر زور دیا کہ وہ ہندوستان کی ننگی جارحیت کا نوٹس لیتے ہوئے خطہ میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کروائیں ۔آخر میں شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔

Scroll to Top