اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) ڈی جی آئی ایس پی آر نےلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ جنگ بندی بھارت کی خواہش تھی، کوئی ہندوستانی پائلٹ پاکستان کی حراست میں نہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت کی درخواست پر جنگ بندی ہوئی ہم نے سیز فائر کی درخواست نہیں کی ۔
انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی انڈین پائلٹ پاکستان کی تحویل میں نہیں ہے ،ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمارے جوابی وار کے بعد بھارت نے خود امریکہ سے سیز فائر کیلئے کہا ۔
اس سوال پر کہ کیا جنگ بندی طویل عرصے کیلئے قائم رہ سکے گی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہم پرامن ملک ہیں ہماری طرف سے سیز فائر لائن کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی ہم نے پہلے بھی تحمل کا مظاہرہ کیا ، ہمیشہ دوسری طرف سے جارحیت کی گئی ۔
چھ اور 7 مئی کو بھارتی جارحیت کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج پوری قوم بالخصوص نوجوانوں کے جذبے، ہمت اور بھرپور حمایت کے لیے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے مشکل ترین وقت میں ہمارے حوصلے بلند کیے ہیں۔
ہمارے دل اور ہمدردیاں شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں،ہم ان شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خود مختاری حملہ کیا گیا تو آئندہ بھی ایسا ہی بھرپور جواب دیا جائےگا،پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج اپنی بہادر اور دلیر قوم کی شکر گزار ہیں جبکہ مسلح افواج کے ہر افسر، سپاہی، ایئر مین کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے اپنی ہمت، پیشہ ورانہ مہارت سے میدان جنگ میں فتح ممکن بنائی۔