اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )ہندوستان کے ایئر مارشل اے کے بھارتی نے کہا ہے کہ ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں اور ہلاکتیں جنگ کا حصہ ہیں۔
ایک صحافی نے ان سے پاکستان کے ساتھ حالیہ جنگ میں فرانسیسی ساختہ رافیل جیٹ فائٹر کو مار گرانے کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ابھی ہم تفصیلات نہیں بتا سکتے، جنگ میں نقصانات تو ہوتے ہیں۔
ہم سے اگر یہ پوچھا جائے کہ کیا ہم نے اپنے مقاصد حاصل کر لیے ہیں تو اس کا جواب ہے کہ ہاں حاصل کرلئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد دہشت گرد کیمپوں کو ختم کرنا تھا اور بالکل ہم نے یہ مقصد حاصل کر لیا ہے، بھارتی فضائیہ کے ڈی جی ایئر آپریشنز نے اعتراف کیا کہ جنگ میں جانی نقصان ہوا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔رافیل گرانے پر دنیا بھر کے فوجی ماہرین حیران، پا ک فضائیہ فضائوں کی حکمران،برطانوی جریدہ
جب رافیل طیارے کو گرانے کے بارے میں پوچھا گیا تو ہندوستانی ڈی جی ایئر آپریشن نے دو ٹوک جواب دیا کہ وہ ابھی تک جنگ میں ہونے والے نقصانات کے بارے میں تفصیلات نہیں بتا سکتے۔
بھارتی فوج کے ڈی جی ایم او نے بھی رافیل طیارے کے بارے میں سوال کا واضح جواب نہیں د یا اوربھارتی فوج کے دونوں افسر سوال کا گول مول جواب دے کر چلتے بنے ۔
یاد رہے کہ پاکستان نے بھارتی حملوں کے جواب میں فضائوں میں ہونے والی فائٹر جیٹس کی ڈاگ فائٹ میں بھارت کے رافیل طیارے مار گرائے تھے ۔
رافیل طیاروں کے گرائے جانے کی خبر عالمی میڈیا نے بھی بریک کی علاوہ ازیں پاکستان کی فضائیہ کا عالمی سطح پر بھی اعتراف کیا گیا اور یہ مانا گیا کہ پاک فضائیہ فضائوں کی حکمران ہے ۔
برطانوی اخبار نے پاک فضائیہ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان نے بہترین دفاعی حکمت عملی سے بھارت کو بھاری نقصان پہنچایا ہے ۔




