چکوٹھی (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں پاک فوج کے ساتھ اظہار تشکر کے لیے نکالی گئی ریلی چناری سے شروع ہو کر لائن آف کنٹرول چکوٹھی تک پرجوش انداز میں نکالی گئی۔
ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور افواج پاکستان سے یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا،ریلی کے شرکاء نے قومی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔ راستے بھر میں شرکاء نعرے بازی کرتے رہے اور پاک فوج کی خدمات پر شکریہ ادا کیا گیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی، پاکستان وآزاد کشمیر بھر میں اظہار تشکر ریلیاں ، پاک فوج زندہ باد کے نعرے
چکوٹھی میں خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر خان نے کہا یہ ریلی اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیری عوام افواج پاکستان کے ساتھ دل و جان سے کھڑ ے ہیں۔
دشمن عناصر جتنی بھی سازشیں کر لیں، قوم اپنے محافظوں کا ساتھ نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے عوام نے ہمیشہ مشکل حالات کا سامنا کیا ہے اور پاک فوج نے ہر قدم پر ان کا تحفظ یقینی بنایا ہے۔
افواج پاکستان کی قربانیاں اس وطن کی بقا اور سالمیت کی ضمانت ہیں ، ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج نے بھارت کو بہترین جواب دیا جس کے باعث وہ جارحیت سے باز آیا،انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ مکار دشمن سے جس کو صرف اتحاد اور جذبے سے ہی شکست دی جاسکتی تھی ۔
ریلی کے دوران چناری سے چکوٹھی تک مختلف مقامات پر مقامی لوگوں نے شرکاء کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں،ریلی پُرامن انداز میں اختتام پذیر ہوئی ۔