اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان نے پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے،دفتر خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم حالیہ جنگ بندی معاہدے میں امریکہ کے تعمیری کردار کی تعریف کرتے ہیں۔
امریکی اقدام پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے اور علاقائی استحکام کی جانب ایک قدم ہے، ہم صدر ٹرمپ کے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی کوششوں کے لیے تعاون کی پیشکش کو سراہتے ہیں ۔
جموں و کشمیر ایک دیرینہ مسئلہ ہے جس کے جنوبی ایشیا اور اس سے باہر امن و سلامتی پر سنگین اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ جموں و کشمیر تنازعہ کا تصفیہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے جس سے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق بشمول حق خود ارادیت کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینے کی کوششوں کے لیے پرعزم ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔ٹرمپ کی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش، پاک بھارت جنگ بندی کا خیرمقدم
ہم تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں شراکت داری کے خواہاں، امریکہ کے ساتھ اپنی کثیر جہتی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے خواہاں ہیں ۔دریں اثنا وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ دنیا میں امن کے لئے کوششیں کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی فیصلہ ساز قیادت پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔
جنوبی ایشیاءمیں امن کے لئے ان کی کوششیں لائق تحسین ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ دہائیوں سے ایک دوسرے کے حلیف ہیں خطے کے مفادات کے لئے ہمیشہ مل کر کام کیا ۔امریکی صدر کی شکل میں پاکستان کو بہترین شراکت دار ملا ہے ہم ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں ۔